ادب زار - Adab Zaar
یہ صفحہ کتابِ چہرہ پر اردو ادب کی ترویج کے لیے کوشاں رہے گا۔
"ادب زار فورم" ڈیرہ اسماعیل خان کے زیرِ اہتمام پہلا کُل پاکستان "نعتیہ مشاعرہ"
سائیں عارف امام صاحب کی ایک خوبصورت غزل احباب کی نذر۔
گرفتِ خواب میں اک زلف سے بندھا ہوا میں
پڑا ہوا کسی وحشت میں! بھاگتا ہوا میں
ابھی کُھلی نہیں دریا پہ میری کم سُخَنی
دِکھائی دیتا ہوں صحرا کو چیختا ہوا میں
یہ دشتِ عشق ہے یعنی ہے میرا تختۂ مشق
یہیں لکھا ہوا مَیں ہوں یہیں مٹا ہوا میں
مرے مکانِ تمنا میں آکے دیکھ مجھے
اکڑتا پھرتا ہوں شیخی بگھارتا ہوا میں
ہوائے تند چلاتی ہے میرے باغ پہ تیر
مہک رہا ہوں مگر خون میں سَنا ہوا میں
خموش ہوگا یکایک چراغِ خال و خطوط
چمک اٹھوں گا اچانک کہیں لکھا ہوا میں
خرام کرتا ہوں وعدے کا بوجھ لادے ہوئے
کہیں قدم کہیں بیڑی سنبھالتا ہوا میں
ازل سے ایک ہی منظر ہے میرے کمرے کا
مڑے تڑے ہوئےکاغذ، کٹا پھٹا ہوا میں
جہاں بھی دیدہ و داماں کی آزمائش ہو
وہیں ملوں گا گریباں ادھیڑتا ہوا میں
وہی کُھلی ہوئی کھڑکی وہی سجا ہوا گھر
وہی بھڑکتا ہوا دل وہی بجھا ہوا میں
وہی شناسا محلہ وہی پرانے کواڑ
وہی دبی ہوئی دستک وہی ڈرا ہوا میں
کسی کے بام پہ آنے کے انتظار میں ہوں
کسی گلی کسی دہلیز پر پڑا ہوا میں
خبر تھی خواہشِ دیدار جان لے لے گی
پر اس جنوں میں ارادے سے مبتلا ہوا میں
میں خانہ زادِ خرابی، خرابہ سازِ قدیم
کمالِ صبر کہ بستی میں ہوں بسا ہوا میں
فقیر عارف امام
السلام علیکم۔
ادب زار فورم کی جانب سے 29 اکتوبر 2023 بروز اتوار سہ پہر 3:00 بجے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (نزد کچہری روڈ) کے ہال میں ڈیرہ اسماعیل خان کی ایک نوجوان لکھاری کشف بلوچ کی بچوں کے ادب پر لکھی گئی پہلی کتاب ”برگر چوہے“ کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔
جس میں آپ کی شرکت ہمارے لیے باعثِ صد افتخار ہے۔
منجانب: ادب زار فورم ڈیرہ اسماعیل خان
السلام علیکم۔
ادب زار فورم کی جانب سے 22 اکتوبر بروز اتوار صبح 9:30 بجے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (نزد کچہری روڈ) کے ہال میں ڈیرہ اسماعیل خان کے معروف شاعر غلام محمد قاصر کے فرزند عماد قاصر کی مرتب کردہ کتاب "پانچ صاحب اسلوب شاعر" کی تقریب پذیرائی و مشاعرہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جس میں آپ کی شرکت ہمارے لیے باعثِ صد افتخار ہوگی۔
مجانب : ادب زار فورم، ڈیرہ اسماعیل خان
بتعاون: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی
السلام علیکم۔
دوستو! ادب زار فورم کی ہفتہ وار تنقیدی و شعری نشست کل سہ پہر ساڑھے 4 بجے پام بیچ ہوٹل میں ہوگی۔ جس میں آپ سے شرکت کی استدعا ہے۔
منتظمین ۔
ادب زار فورم
6 اکتوبر 2023
(جمود کیسے ٹوٹے گا)
موسم گرما کی رخصتی اور سرما کی آمد کا درمیانہ دور چل رہا ہے ہوا میں ہلکا سا جاڑے کا احساس کئی پرانی یادوں سے پردہ اٹھا کر آدمی کے لیے ماضی کی کھڑکیاں کھول دیتا ہے، اور آدمی اپنے گزرے ہوئے دنوں کی یاد میں حال کی مشکلات اور مستقبل کی پریشانیوں سے آزاد ہو کر خود کو ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہے۔
ہم بھی 6 اکتوبر بروز جمعہ ادب زار فورم کی ہفتہ وار نشست میں بیٹھے ماضی قریب میں گزرے ہمارے بہت ہی عزیز دوست علی میمن کو یاد کرتے رہے،اور اس کے اشعار گنگناتے رہے۔
آج ہماری نشست کا کوئی موضوع پہلے سے نہیں رکھا گیا تھا اس لیے سب دوست اپنی مرضی کے چٹکلوں اور قصے کہانیوں سے محفل کو گرمانے کی کوشش میں لگے رہے۔۔۔ پھر میرے ذہن کے کسی تاریک گوشے میں سے روشنی کی نوید لاتی ایک آواز آئی، عالم کوئی موضوع سوچو تاکہ کچھ سیکھنے کو ملے کچھ نیا ہو، منفرد ہو۔ اور اسی کے ساتھ ہی ایک موضوع میری سوچ کے کینوس پہ ابھرا اور میں نے وہ سب سے پہلے ہمارے صدر صاحب یعنی نفیس اور باغ و بہار شخصیت کے مالک عامر عائز کو بتایا کہ "شاعری یا تخلیق میں جمود" کے حوالے سے بات کر لیتے ہیں۔ عامر عائز نے سنتے ہی میری ہاں میں ہاں ملائی۔ یعنی میری طرح وہ بھی کسی ایسے موضوع کی تلاش میں تھے۔ لہٰذا موضوع یہ رکھا گیا کہ "شاعری یا تخلیق میں جمود کیسے ٹوٹے گا" خیر پھر تمام دوست احباب کے سامنے یہ موضوع رکھا گیا اور اس پر گفتگو شروع ہوئی۔
سب سے پہلے میں نے تھوڑی اس موضوع کی تھوڑی سی وضاحت پیش کی کہ جمود سے مراد ٹھہراؤ ہے، رکاوٹ ہے، انجماد یا غیر فعالیت ہے۔ پھر جن جن دوستوں نے اپنی آراء سے نوازہ وہ یہ ہیں۔
جمود ذہنی دباؤ اور معاشی حالات کی وجہ سے طاری ہوتا ہے جمود کی کوئی ایک وجہ نہیں ہوتی بلکہ اس کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں مگر یہ ختم کیسے ہوتا ہے اس کے متعلق کوئی خاص معلومات نہیں ہیں
(حنیف کامل)
معاشی مسائل جمود کا باعث بنتے ہیں، اور اس کے ساتھ ساتھ انسان کی کیفیت یا مزاج بعض اوقات اسے الجھا دیتا ہے جس کی وجہ سے تخلیق کا عمل رک سا جاتا ہے۔ شعر الہام کا نتیجہ ہے اور الہام لازمی نہیں کہ ہر وقت انسان کو ہوتا رہے، لیکن یہ بات بھی ہے کہ تخلیق میں کیفیت کا عمل دخل زیادہ ہوتا ہے ادب زار فورم کی نشستیں جو کچھ عرصہ سے صرف موضوعاتی ہو رہی ہیں اگر انہیں شعری روپ میں ڈالا جائے تو ممکن ہے کہ جمود ختم ہو سکے۔ پہلے جب شعری نشستیں ہوتی تھیں تو واپسی پہ گھر جاتے ہوئے ایک آدھ شعر راستے میں ہی ہو جاتا تھا
(احمد یحییٰ ارمغان)
جمود حکیمانہ رائے کے مطابق قبض کے مانند ہے، اس کی بہت سی وجوہات ہیں ہم کسی ایک مسئلے کو ذہن پہ اس قدر سوار کر دیتے ہیں کہ گویا وہ کوئی چھوٹا سا مسئلہ یا پریشانی نہیں بلکہ قیامت آ ٹوٹی ہو، انسان کی مایوسی اس کی صلاحیتوں کو کھا جاتی ہے، میری رائے میں آپ جس مسئلے میں الجھے ہوئے ہیں اسے انجوائے کریں اسے انجوائے کرکے آپ خود کو ہلکا محسوس کریں گے، اس کے علاوہ معاشی مسائل سے نکلنے کا راستہ تلاش کریں راستے بہت سے ہوتے ہیں مگر ان کا انتخاب انسان کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مطالعہ ، مشق اور مشاہدے پر توجہ دینے سے جمود ختم ہو سکتا ہے۔ خود کو مسائل سے آزاد رکھ کر سوچیں تو جمود کچھ ہی لمحوں میں ہوا ہو جائے گا۔ اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو جمود کی وجہ سے آپ چڑچڑے پن کا شکار بھی ہو جائیں گے اور یہ تخلیقی صلاحیتوں کو مزید ماؤف کر دے گا
(قاضی جواد جمیل)
جمود ایک روگ ہے جو تخلیق کار کی تخلیق کو لگ جاتا ہے جیسے کہ سب دوستوں نے کہا تخلیقی بیماری کی پہلی وجہ معاشی مسائل ہیں، اس کے بعد انسان کا اپنا رویہ ہے مزاج ہے۔ میں یہ کہوں گا کہ آپ جن مسائل میں گرفتار ہیں انہیں انجوائے کرنے کی بجائے ان پر سوچنا چھوڑ دیں ان سے فرار ہوکر کچھ لمحے کے لیے یہ سوچیں کہ کون سی شے آپ کی کیفیات کی ترجمانی کرتے ہوئے آپ کو شروع دن سے شاعری، نثر ، کہانی اور پینٹنگ وغیرہ پہ مجبور کرتی آئی ہے۔ آپ کی یہی سوچ آپ کی نئی تخلیق کا سبب بنے گی۔ اس کے علاوہ مشق بہت ضروری ہے میرے خیال میں ہمیں نشستوں میں طرحی مصرع دے کر دوستوں سے اس پر کلام لکھوانا چاہیے تاکہ مشق جاری رہے۔ قاضی صاحب نے بالکل بجا فرمایا کہ مشق، مطالعہ اور مشاہدہ بہت ضروری ہیں۔ مگر ہمارے اکثر تخلیق کار مشق کے دوران بہتر سے بہترین کی کوشش میں ایک مصرع بھی نہیں کہہ پاتے۔ میں یہ کہوں گا کہ مشق کے دوران آپ چاہے بے ربط اور بے معنی لکھیں پھر بھی کم از کم پانچ اشعار کی غزل مکمل کریں۔ اس کے علاوہ مطالعہ ان شعراء کا کریں جنہیں پڑھ کر یہ لگے کہ شعر کہنا تو بہت ہی آسان ہے۔ ان شعراء میں چند کے نام لے رہا ہوں انہیں ضرور پڑھیے گا جمال احسانی، بیدل حیدری، احمد فراز، ناصر کاظمی، رسا چغتائی۔۔۔۔
(رضوان عالم "عالم پناہ" )
ماشاءاللہ دوستوں نے بہت اچھا تبصرہ کیا ہے تمام کی آراء بہت اہم ہیں، میرے نزدیک جمود انسان کی سوچوں کے انتشار یعنی منتشر ہونے کی وجہ سے طاری ہوتا ہے اب انتشار معاشی مسائل کی وجہ سے بھی ہوتا ہے، ذہنی الجھاؤ اور دباؤ کی وجہ سے بھی اور اس کے ساتھ نئے اچھوتے مضامین کی تلاش کی وجہ سے بھی بعض اوقات ہوتا ہے۔ جمود ہر تخلیق کار پہ نازل ہوتا ہے اور اس کے نزول سے تخلیق کا نزول رک جاتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ جمود کے دوران انسان مشق کرتا رہے۔ علامہ اقبال رحمتہ اللہ علیہ پہ بھی جمود طاری ہوتا اور چھ چھ ماہ تک وہ جمود کی حالت میں رہتے مگر اس دوران بھی وہ مشق کرنا نہ چھوڑتے اور اکثر ایسا بھی ہوتا کہ جمود کے بعد وہ ایک ایک دن میں تین تین سو اشعار کہہ لیتے۔۔۔ میرے ساتھ بھی اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کئی کئی ماہ گزر جاتے ہیں مگر ایک شعر بھی نہیں ہوتا اور جمود ٹوٹتا ہے تو ایک ہفتے میں 10, 10 غزلیں بھی ہو جاتی ہیں۔ میں "عالم پناہ جس سے سب مانگتے ہیں پناہ" والی بات سے متفق ہوں کہ طرحی مصرع دینا چاہیے اور اس پہ کچھ نہ کچھ لازمی لکھ کر نشست میں لا کر سنانا چاہیے۔
(عامر عائز)
آپ سب دوستوں کو سن کر بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے آپ جاری رکھیں میں سننے آیا ہوں۔
(عظمت عثمان)
تمام دوستوں نے بہت ہی اچھی گفتگو کی بہت کچھ سیکھنے کو ملا، آج سے پہلے میں نے جمود کا صرف نام سنا تھا مگر آج دوستوں کو سن کر مجھے ایسا لگتا ہے کہ آئندہ اگر کسی تقریب میں کوئی جمود کے حوالے سے بات کرے گا تو میں بہت ہی سلیقے سے اس پر بات کر سکوں گا۔
اس کے علاوہ جمود کے متعلق یہ کہوں گا کہ آپ جب کسی چیز سے دور ہو جاتے ہیں تو آٹومیٹکلی وہ بھی آپ سے دور ہو جاتی ہے۔ اب مجھے دیکھیے میں بہت عرصہ تک ادب زار فورم سے دور رہا اور مجھ پہ تخلیقی و ادبی دونوں طرح سے جمود طاری رہا، لیکن اب جب سے دوبارہ نشستوں میں آنا شروع کیا ہے میرا ادبی جمود ٹوٹ گیا ہے اور تخلیقی بھی آہستہ آہستہ ختم ہوتا محسوس ہوتا ہے۔
(عدنان سمیع)
جمود کے متعلق تمام دوستوں نے بہت اچھی گفتگو کی۔ جمود کے متعلق بہت زیادہ معلومات حاصل ہوئیں۔ دوستوں نے اصل وجہ معاشی مسائل بتائی ہے اور میں بھی اس سے متفق ہوں۔ اس کے علاوہ جمود کے دوران بھی خود پر جمود کو طاری نہ ہونے دیں شعر گنگناتے رہیں۔ مطالعہ جاری رکھیں اور اپنی منزل کی طرف بڑھتے رہیں راستے کی رکاوٹیں آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔
(سلیم زائر)
آج میری پہلی نشست ہے آپ لوگوں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے میں آئندہ ہر نشست میں آنے کی کوش کروں گا میرے خیال میں جمود ہر تخلیق کار پہ طاری ہوتا ہے اور اسے ختم کرنے کے لیے پریکٹس اور مطالعہ کرنا چاہیے
(اقبال محمود)
یہ تھی جمود پر گفتگو جو نشست میں شریک ہونے والے تمام دوستوں نے کی۔ پھر اس کے بعد شعری نشست شروع ہوئی شعری نشست میں سب سے پہلے حنیف کامل جو کہ نام کے کامل ہیں انہوں نے اپنی شعری کاملیت کا لوہا منواتے ہوئے اپنے اشعار سنائے اور داد وصول کی۔ پھر اس کے بعد احمد یحییٰ ارمغان ، قاضی جواد جمیل، عامر عائز، رضوان عالم ، سلیم زائر اور اقبال محمود نے اپنا کلام پیش کیا۔ تمام احباب کے کلام سے ایک ایک شعر ملاحظہ ہو۔
اوکوں دل توں لہا ڈتا ہا پر
ذہن ساڈے قبول نیں کیتا
ہجر عمراں ہنڈا گیے ساڈی
وصل قطرہ وصول نیں کیتا
(حنیف کامل)
ہے عجب کیف ترے کوچہ ء آزاری میں
تیرا غم ہو تو سبھی زخم نہاں رہتے ہیں
(احمد یحییٰ ارمغان)
سورج کا کیا کمال کہ اس کا تو وصف ہے
تھوڑی تو ہم بھی شہر میں لے آئے روشنی
(قاضی جواد جمیل)
ناخدا جب نہیں سفینے کا
پھر تو ہر فیصلہ ہوا کا ہے
(سلیم زائر)
زخم تازہ پہ جراحت کا عمل جاری تھا
نوک نشتر سے کئی زخم پرانے نکلے
(عامر عائز)
شب و روز رہتا ہے محمود بے چین
کوئی آگ لٙگتا ہے دِل میں لٙگی ہے
(اقبال محمود)
پاؤں چھونے سے ہی جو نیند میں ڈر جاتا تھا
آج اس شخص کے سامان سے خنجر نکلا
رضوان عالم (عالم پناہ)
(نشست میں شریک ہونے والے احباب کے نام)
عامر عائز، قاضی جواد جمیل، حنیف کامل ، احمد یحییٰ ارمغان، عدنان سمیع ، سلیم زائر ، ذیشان گوہر، ایم فواد جی، عظمت عثمان ، اقبال محمود ، رضوان عالم)
تحریر از :
رضوان عالم (عالم پناہ)
السلام علیکم!
دوستو ! "ادب زار فورم" کی ہفتہ وار شعری و تنقیدی نشست آج سہہ پہر 4:30 بجے پام بیچ پارک میں منعقد ہو گی، جس میں آپ کی شرکت ہمارے لیے باعثِ صد افتخار ہے۔
منتظمین۔
ادب زار فورم
ادب زار فورم کے ممبر عدنان طائر صاحب کو جی سی یونیورسٹی لاہور میں (ایم فل اردو کی میرٹ لسٹ) میں پہلے نمبر پہ آنے پہ بہت بہت مبارک ہو، اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطاء فرمائے۔
السلام علیکم!
"ادب زار فورم" کی جانب سے رمضان المبارک میں "پہلے عالمی آن لائن طرحی مسابقے" کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں "ادب زار فورم" نے اول، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو ایوارڈز سے نوازنے کے لیے ایک مشاعرے کا اہتمام کیا۔ بروز جمعۃ المبارک، ١۹ مئی کو بوقت عصر چھے بجے، بمقام مفتی محمود سکول اینڈ کالج کو یہ تقریب منعقد ہوئی, جس میں صدارت کی کرسی ڈیرہ اسماعیل خان بلکہ اس ملک کے ایک نامور مزاح تخلیق کرنے والے شاعر رحمت اللّہ عامر صاحب نے سنبھالی, مہمانِ خصوصی نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے چھے زبانوں (اردو, فارسی, پشتو, انگریزی, پنجابی اور پوٹھوہاری) میں شعر خلق کرنے والے شاعر اور مذکورہ مسابقے میں اول انعام حاصل کرنے والے فرحان عباس صاحب تھے, مہمانانِ اعزاز میں نظم کے معروف شاعر اور ادب زار کے سرپرست خوشحال ناظر صاحب, گورنمنٹ کالج نمبر ١ میں شعبۂ اردو کے معلم و محقق و نقاد اور پشتو زبان کے منفرد شاعر وسیم شاہ صاحب اور غزل و نظم کے ساتھ ساتھ ناول نگاری کے فن سے بھی خوب واقف طاہر شیرازی صاحب شامل تھے.
نظامت کے فرائض قاضی جواد جمیل نے سنبھالے اور تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا, اس کے بعد جواد جمیل نے مسابقہ میں اول انعام پانے والی پڑوسی ملک ہندوستان سے تعلق رکھنے والی منفرد لب و لہجے کی شاعرہ شہناز شازی کے نعتیہ اشعار سنائے.
اس کے بعد مشاعرہ کا باقاعدہ آغاز قاضی جواد جمیل نے اپنے اشعار سنا کر کیا اور خواب داد سمیٹی. پھر ادب زار کے ممبر شعرا خالد تقی, محمد یعقوب, ایم فود جی, عدنان طائر, فیصل فصی, مرغوب خاکسار, ذیشان گوہر,ادب زار کے فائنانس سیکریٹری احمد یحیی ارمغان اور صدرِ ادب زار فورم عامر عائز نے کلام سامعین کے گوش گزار کیا اور ان کے دلوں میں جگہ بنائی. ڈیرہ کے دیگر نامور شعرا نے بھی اپنا کلام سنایا جن میں عنایت علی عنایت, قیس رضا, سلیم زائر اور سرائیکی کے معروف گیت نگار جمشید ناصر شامل تھے. سٹیج پر براجمان حضرات میں سے طاہر شیرازی صاحب نے کلام سنانے میں پہل کی کیوں کے کسی کام کے سلسلے میں انہیں تقریب کو الوداع کہا پڑا. ان کے بعد خوشحال ناظر صاحب نے اپنے دو نظمیں "کیسی دیمک لگی" اور "گھڑی ساز" سنا کر ناظرین و حاضرین کے کانوں میں جیسے راز کہہ دیے ہوں, حاضرین نے بھی جواباً انہیں خوب داد سے نوازا. ان کے بعد وسیم شاہ صاحب نے اپنا پشتو کا ایسا مسحر کن کلام سنایا کہ پشتو نہ سمجھنے والے بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے. ان کے بعد تقریب کے مہمانِ خصوصی فرحان عباس بابر نے اپنی نعت, غزل, نظم اور مفرد اشعار سنا کر سامعین کو ایک جہانِ نو کی سیر کرائی. آخر پر صدرِ محفل, مزاح نگار سینئر شاعر رحمت اللّہ عامر نے اپنے کلام سے حاضرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں اور ساتھ ہی انہیں معاشرتی و ملکی مسائل کے بارے میں سوچنے کے عمل کی طرف بھی مائل کیا.
بعد ازیں مذکورہ مسابقے میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے نوید اعوان (جو ملازمت کے سلسلے میں شہر سے باہر ہیں) کی اعزازی شیلڈ ان کے رفیق شمائل موہانہ نے رحمت اللّہ عامر صاحب کے دستِ مبارک وصول کیا, دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ادب زار کے فائنانس سکریٹری احمد یحیی ارمغان کو وسیم شاہ صاحب نے اعزازی شیلڈ پیش کی, اول پوزیشن کے دو لوگ حقدار ٹھہرے تھے, ایک شہناز شازی (جن کا تعلق بھارت سے ہے) جن کی اعزازی شیلڈ عامر عائز صاحب نے خوشحال صاحب کے ہاتھوں وصول کی اور دوسرے فرحان عباس بابر, جنہوں نے رحمت اللّہ عامر صاحب کے ہاتھوں اپنی اعزازی شیلڈ وصول کی.
یوں یہ خوبصورت تقریب اپنے اختتام کو پہنچی اور تمام حاضرین محفل کی پیٹ پوجا کے لیے کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا تھا.
السلام علیکم!
"ادب زار فورم" کی جانب سے رمضان المبارک میں "پہلے عالمی آن لائن طرحی مسابقے" کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں "ادب زار فورم" نے اول، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو ایوارڈز سے نوازنے کے لیے ایک مشاعرے کا اہتمام کیا ہے۔آپ احباب سے گُزارش ہے کہ اس تقریب میں شرکت فرما کر ادب زار فورم کا مان بڑھائیں۔والسلام
وقت و مقام: آج بروز جمعۃ المبارک، عصر ساڑھے پانچ بجے، بمقام مفتی محمود سکول اینڈ کالج، نزد ڈگری کالج نمبر ۱، ڈیرہ اسماعیل خان
السلام علیکم!
"ادب زار فورم" کی جانب سے رمضان المبارک میں "پہلے عالمی آن لائن طرحی مسابقے" کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں "ادب زار فورم" نے اول، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو ایوارڈز سے نوازنے کے لیے ایک مشاعرے کا اہتمام کیا ہے۔آپ احباب سے گُزارش ہے کہ اس تقریب میں شرکت فرما کر ادب زار فورم کا مان بڑھائیں۔والسلام
وقت و مقام: کل بروز جمعۃ المبارک، عصر ساڑھے پانچ بجے، بمقام مفتی محمود سکول اینڈ کالج، نزد ڈگری کالج نمبر ۱، ڈیرہ اسماعیل خان
وقاص عزیز صاحب کے ساتھ ایک نشست
تو دوستو!
اب آتے ہیں اول پوزیشن کی طرف، یہاں عرض کرتے چلیں کہ اول پوزیشن کے لیے دو نام منتخب کیے گئے ۔ کیونکہ دونوں کے کلام ہی ایسے تھے کہ منصفین پریشان ہو گئے کس کو پہلی پوزیشن دیں اور کس کو دوسری پوزیشن دیں ۔ جب نمبرنگ کی گئی تو دونوں کے نمبر برابر آ گئے ۔
پہلی پوزیشن کے لیے دو نام
پہلا نام: محترمہ شہناز شازی (انڈیا)
دوسرا نام: فرحان عباس بابر صاحب (نوشہرہ، پاکستان)
ادب زار فورم کی طرف سے دونوں کو مبارکباد
نوٹ؛ عید کے بعد ان شاءاللہ ان تمام پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں مشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا ۔
مقابلے کے نتائج 🌹
مسابقے میں دوسری پوزیشن آنے پر ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے شاعر جناب احمد یحیٰ ارمغان کو مبارکباد 🎁
مقابلے کے نتائج 🌹
مسابقے میں تیسری پوزیشن آنے پر پہاڑ پور سے تعلق رکھنے والے شاعر جناب نوید اعوان صاحب کو مبارکباد 🎁
ادب زار فورم کے تحت ہونے والے مقابلے میں چند بہت ہی خوبصورت اشعار 🌹🌹
درودوں کے لگائیں گے ہم ایسے پیڑ طیبہ میں
کہ جن کو رشک سے فردوس کے اشجار دیکھیں گے
شہناز شازی
میں اپنے دعویء الفت پہ ویسے ہی نہیں لرزاں
مجھے معلوم ہے آقاؐ مرا کردار دیکھیں گے
فرحان عباس بابر
خرد مندانِ دنیا تو در و دیوار دیکھیں گے
مگر عاشق مدینے میں پسِ دیوار دیکھیں گے
احمد یحیٰ ارمغان
فصیلیں توڑ کر موجود کی، اس پار دیکھیں گے
عدم آباد میں کھلتے ہوئے اسرار دیکھیں گے
شاداب خان
بڑھے گی عشق کی مستی عقیدت کے لبادے میں
مرا اظہارِ فرحت پھر سبھی مے خوار دیکھیں گے
احسن خلیل احسن
ابھی بھی کھڑکیوں سے جھانکتے ہیں پیڑ حسرت میں
کہ پنچھی پینٹنگ کے اب پسِ دیوار دیکھیں گے
نوید اعوان
خوشی سے بوجھ پھر ہلکا کریں گے بڑھ کے وہ میرا
مرے احباب جس دن مجھ کو زیرِ بار دیکھیں گے
رشتم نامی
مدینے کے گلی کوچوں کو چومیں گے عقیدت سے
وہیں سحری کریں گے اور وہیں افطار دیکھیں گے
ناہید گل
شبِ ظلمت میں امیدِ سحر لے کر ضیاء اک دن
"بڑی سرکار میں پہنچے، بڑا دربار دیکھیں گے
خرم فاروق ضیاء
پھٹیں گے منکروں کے تنگ سینے ایک ہی پل میں
کہ جب پہلوئے آقاؐ میں وہ یارِ غار دیکھیں گے
ناہید اختر بلوچ
سنا ہے سبز گنبد پر ہے پیہم نور کی بارش
اترتے ہم بھی گردوں سے وہاں انوار دیکھیں گے
عبید حسنی
نوٹ: مقابلے کا اعلان ان شاءاللہ بروز جمعہ بعد از افطار ادب زار فورم کی ہفتہ وار نشست میں کیا جائے گا ۔
منجانب: منتظمین ادب زار فورم ڈیرہ اسماعیل خان
مقابلے کی سب سے بہترین گرہ
سبحان اللہ
شاعر کے لیے بہت دعائیں
مسابقے کا آخری وقت آج رات بارہ بجے ۔ ۔
اگر ابھی بھی آپ نے کلام نہیں لکھا تو ابھی لکھیے اور پوسٹ کیجیے
'مسابقے' کا وقت بڑھا کر جمعرات کر دیا گیا ہے ۔ اب آخری وقت 6 اپریل رات بارہ بجے ۔ تب تک کمنٹ میں موجود کلام بھی ایڈٹ کیا جا سکتا ہے ۔
منجانب: منتظمین ادب زار فورم
مسابقے میں شریک احباب سے درخواست ہے کہ مکمل کلام اس پوسٹ کے تحت کمنٹ کیجیے ۔ شکریہ
وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان شاعر اور ادب زار فورم کے ممبر "محمد یعقوب" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیادِ احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے ۔ 🖤
رب تعالی لالا لطیف کی کامل مغفرت فرمائے ۔ آمین
السلام علیکم ورحمۃ اللہ
جیسا کہ آپ جانتے ہیں ادب زار فورم ایک منفرد ادبی فورم ہے ۔یہ فورم اب معیاری نشستوں اور معیاری مشاعروں کے بعد معیاری مسابقوں کا انعقاد کرنے جا رہا ہے ۔
اسی سلسلے میں ادب زار فورم کی جانب سے ایک زبردست مسابقے کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ مصرع طرح پر یہ مقابلہ اپنی نوعیت کا ایک زبردست اور منفرد مقابلہ ہو گا ان شاءاللہ
اس سے پہلے کہ اس مسابقے کی شرائط بیان کی جائیں، ہم بتاتے چلیں کہ اس مقابلے میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں ایک مشاعرہ منعقد کیا جائے گا جہاں انھیں انعام اور اعزازی شیلڈز سے نوازا جائے گا ۔
شرائط:
۱ ۔ کلام صرف سات اشعار پر مشتمل ہو
۲ ۔مصرع طرح پر گرہ لگانا لازم ہو گا
۳ ۔ نعت، حمد اور منقبت کو ترجیح دی جائے گی
۴ ۔ کلام کمنٹ باکس میں تحریر کرنے ساتھ یکجا کلام کی پوسٹ پر کمنٹ کرنا لازم ہو گا ۔
۵ ۔ ایک شاعر صرف ایک کلام ہی لکھ سکے گا ۔
۶ ۔ کلام مقررہ وقت کے اندر اندر پوسٹ کرنا لازم ہو گا ۔
مصرع:
بڑی سرکار میں پہنچے بڑا دربار دیکھیں گے
مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن
قوافی: سرکار، دربار، دیوار، آثار
ردیف: دیکھیں گے
وقت: 4 اپریل رات بارہ بجے تک
منجانب: منتظمین ادب زار فورم
السلام علیکم!
اہم اعلان!
"ادب زار فورم " کے پیارے دوستو اُمید ہے آپ پروردگارِ عالم کے فضل سے خیر و عافیت سے ہوں گے۔کافی عرصہ سے دوستوں کی خواہش تھی کہ گروپ میں طرحی مصرعے پر کلام لکھا جائے لیکن اس پر عمل نہ ہو سکا۔
خُوشخبری!
پہلے "ادب زار فورم" کی جانب سے طرحی مصرعے پر مشاعرے اور مقابلے کے لیے احباب تیار ہو جائیں۔اس غرض سے کل رات ۱۰ بجے فیس بُک کے گروپ میں ایک مُنتخب مصرع دیا جائے گا، جس پر حمدِ باری تعالیٰ، نعتِ رسولِ مقبولؐ یا پھر غزل لکھنی ہو گی۔رمضان المبارک کی مناسبت سے حمد اور نعت کو ترجیح دی جائے گی اور انعامات میں بھی حمد و نعت ہی اولین ترجیح ہوں گے، یہ شاعر پر مُنحصر ہے کہ وہ جس صنف کا انتخاب کرے۔تینوں اصناف میں کم سے کم سات اشعار لکھنا ضروری ہیں زیادہ پر پابندی نہیں۔مشاعرے کے لیے پانچ دن دیے جائیں گے۔ پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن کا فیصلہ مُنصفین کریں گے۔
اُمید ہے احباب اس میں ذوق و شوق سے حصہ لیں گے۔ان شاءاللہ
منجانب: مُنتظمین ادب زار فورم ڈیرہ اسماعیل خان
ادب زار فورم کے ممبر محترم "محمد ادریس روباص" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیادِ احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے ۔ 🖤
ادب زار فورم کے ممبر محترم "احسن خلیل احسن" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیادِ احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے ۔ 🖤
ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والا خوبصورت لب و لہجے کا شاعر محترم "فیصل فصی" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیاد احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے۔ 🖤
ادب زار فورم کے ممبر محترم "احمد یحیٰی ارمغان" ادب زار کے ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیادِ احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے ۔ 🖤
ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والا خوبصورت لب و لہجے کا شاعر محترم "ذیشان گوہر" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیاد احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے۔ 💙
وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ادب زار فورم کے ممبر "عدنان طائر" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیادِ احسن علی میمن کے موقع پر بے ساختہ انداز میں اپنا کلام پڑھتے ہوئے ۔ 🖤
پشتو زبان کے معروف شاعر "طاہر جاوید طاہر" ادب زار کے ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے ۔ 🖤
بانیِ ادزار فورم "عدنان سمیع" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیادِ احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے ۔ 🖤
ادب زار کے بانیوں میں سے ایک "ثاقب سعید" ادب زار کے ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیادِ احسن علی میمن کے موقع پر اپنے منفرد انداز میں اپنا کلام سناتے ہوئے ۔ 🖤
ادب زار فورم کے بانی "رضوان عالم پناہ" ادب زار کے سالانہ کل پاکستان مشاعرہ بیادِ احسن علی میمن کے موقع پر اپنے بے ساختہ انداز میں اپنا کلام پڑھتے ہوئے ۔ 🖤🖤
ادب زار فورم کے صدر "عامر عائز" ادب زار کے ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام سناتے ہوئے ۔ ادب زار فورم کی کامیابی میں عامر عائز بھائی کا بہت بڑا ہاتھ ہے ۔ اللہ انہیں سلامت رکھے ۔ آمین 🖤
ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والا خوبصورت لب و لہجے کا شاعر محترم "سید عون رضا" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیاد احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے۔ ❤
ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والا خوبصورت لب و لہجے کا شاعر محترم "سید قیس رضا" ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیاد احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام پڑھتے ہوئے۔ 💓
سید منتظر مہدی (بلوٹ ، ڈیرہ اسماعیل خان) ادب زار کے ساتواں سالانہ کُل پاکستان مشاعرہ بیاد احسن علی میمن کے موقع پر اپنا خوبصورت کلام سے پڑھتے ہوئے 💙
Click here to claim your Sponsored Listing.
Videos (show all)
Category
Contact the establishment
Telephone
Website
Address
Dera Ismail Khan
29111
Post Office Muryali Village Haji Mora Tehsil And District D. I. Khan
Dera Ismail Khan, 29111
بزم ڈیرہ پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوں
Mi8548077
Dera Ismail Khan, 85480
Ap ko es page pr bht he dil chasap poetry sunny ko mily ge page ko fallow krean or lik bhi krean
ڈیرہ اسماعیل خان
Dera Ismail Khan
شاعری کے لیۓ ہمارا پیج لائک فالو کریں 💓 🟣🟡_________⚫🔴 *──※· رائٹــــس نعمان علی ہاشمی·※──* *┅•※
Dera Ismail Khan
Dera Ismail Khan
https://youtu.be/RoZ1qSncye4 Welcome To My Page Best Poetry #viral #sharyi #sadlines